|
شمالی وزیرستان:امریکی ڈرون حملے میں 17 افراد جاں بحق ????? ?? العربیہ - جمعـء 6 جولائ 2012 پاکستان کے وفاق کے زیرانتظام شمال مغربی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکا کے مرکزی خفیہ ادارے(سی آئی اے) کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں سترہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاکستانی حکام کے مطابق جمعہ کو امریکی جاسوس طیارے نے افغان سرحد کے نزدیک واقع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں ایک مکان (کمپاؤنڈ) پر دو میزائل داغے ہیں۔حملے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور وہاں موجود سترہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ایک انٹیلی جنس عہدے دار نے بتایا ہے کہ حملے میں دو جنگجو زخمی بھی ہوئے ہیں۔
افغانستان میں موجود نیٹو فوج کے لیے سپلائی بحال ہونے کے تیسرے روز پاکستان کے قبائلی علاقے میں امریکی جاسوس طیارے کا یہ پہلا میزائل حملہ ہے۔ انٹیلی ذرائع کے مطابق حملے کے بعد بھی کافی دیر تک علاقے میں دو جاسوس طیارے پرواز کرتے رہے، جس کے باعث امدادی کارروائی میں مشکلات پیش آئی ہیں۔ ایک سکیورٹی عہدے دار نے بتایا ہے کہ ڈرون حملے کے نتیجے میں مرنے والوں کی لاشیں ناقابل شناخت ہوگئی ہیں
امریکی ڈرونز سے اس سال اب تک پاکستان کے قبائلی علاقوں پر تیس سے زیادہ حملے کیے جاچکے ہیں۔گذشتہ ایک ہفتے میں امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کا وزیرستان میں یہ دوسرا حملہ ہے۔پاکستان نے امریکا کی جانب سے مبینہ معافی کے بعد گذشتہ بدھ کو افغانستان میں موجود نیٹو فوج کے لیے سات ماہ کے بعد سپلائی روٹس بحال کیے تھے۔
پاکستان کی پارلیمان نے اپریل میں ایک قرارداد میں نیٹو سپلائی بحال کرنے کے لیے ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن یہ حملے تو بند نہیں کیے گئے البتہ افغانستان میں غیرملکی فوجوں کے لیے پاکستان کے راستے سے سامان رسد جانا شروع ہوگیا ہے۔
امریکی سی آئی اے نے حالیہ برسوں کے دوران پاکستان کے قبائلی علاقوں میں دوسو سے زیادہ ڈرون حملے کیے ہیں۔ ان میں زیادہ تر حملے شمالی اور جنوبی وزیرستان پر کیے گئے ہیں۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ میزائل حملوں میں جنگجو یا ان کے حامی مارے جارہے ہیں جبکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں امریکیوں کے اس دعوے کے حوالے سے سوالات اٹھا رہی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون حملوں میں زیادہ تر عام شہری مارے جارہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی اور امریکی حکام کے دعووں کے مطابق ان حملوں میں القاعدہ اور افغان طالبان کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور بعض حملوں میں پاکستانی طالبان بھی نشانہ بنے ہیں جبکہ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون حملوں میں عام شہری ،بچے ،بوڑھے ،خواتین اور نوجوان نشانہ بن رہے ہیں اور طالبان جنگجوٶں کے شُبے میں علاقے میں موجود لوگوں کو بلاامتیاز مارا جارہا ہے۔
اخبار -
|